ملتان کے پی پی218 میں ضمنی انتخاب کے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوگئے ۔ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی دوسو اٹھارہ میں ضمنی انتخاب کے تمام ایک سو اڑتیس پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار واصف مظہر کامیاب ہوگئے ہیں۔تحریک انصاف کے واصف مظہر راں 46ہزار988ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے جبکہ پیپلزپارٹی کے ارشدراں39ہزار486 ووٹ لے کردوسرے نمبررہے۔
ضمنی انتخاب کیلئے کل چھ امیدوار میدان میں اترے تھے، اس نشست کیلئے مسلم لیگ (ن) کی پیپلز پارٹی کے امیدوار کو حمایت حاصل تھی۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج تحریک انصاف بڑے واضح اکثریت سے جیتی ہے، ہم نے کبھی کسی عزت دار کی پگڑی نہیں اچھالی، عوام نے آج ایک اور نشست تحریک انصاف کی جھولی میں ڈالی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان کی عوام نےعمران خان کی لاج رکھی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ہمیں شکست دینے کیلئےسودا کیا لیکن لوگوں نے ثابت کردیا کہ چورکی چوری پکڑی گئی۔
یاد رہے کہ ملتان کے پی پی218 کی یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے مظہر عباس راں کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق حلقے میں کل 2لاکھ تین ہزار 188 ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ ضمنی انتخاب کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کے 1300 اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
No comments: