
کراچی میں پیر کے روز بھی تیز گرد آلود ہواوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ میٹ آفس کا کہنا ہے کہ شہر میں آج رات تیز بارش کا امکان ہے۔ ٹیپو سلطان کے علاقے میں تیز ہواوں کے باعث اسکول کی چھت گرنے سے 5 بچے زخمی، جب کہ نیوچالی کے علاقے میں سالوں پرانا درخت گاڑی پر گر گیا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کے روز بھی کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش، بوندا باندی، تیز ہوائیں اور آندھی کا سلسلہ پیر کی صبح دوبارہ شروع ہوگیا۔ ترجمان میٹ آفس کے مطابق پیر سے منگل تک کراچی میں تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
پیر کی صبح کراچی کے علاقے نارتھ کراچی، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس، بہادر آباد، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، صدر، برنس روڈ، آئی آئی چند ریگر روڈ شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی کراچی میں آج سے بارش ہونے کی پیش گوئی کی تھی، گزشتہ شب سے شہر میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کل رات اور صبح سویرے بھی گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا امکان ہے۔ اتوار کی رات گرد و غبار کا طوفان توقع سے زیادہ تھا،اس طوفان کے دوران حدِ نگاہ 500 میٹر ریکارڈ کی گئی
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم شہر میں موجود ہے، جس کے باعث کراچی میں آج مزید ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پیر کو بھی شہر قائد میں ہواؤں کی رفتار زائد رہے گی، طوفان کے دوران ہوائیں 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہےکہ کل شام تک مغربی ہواؤں کا سسٹم شہر سے نکل جائے گا۔ دوسری جانب تیز ہواوں کے باعث ٹیپو سلطان روڈ پر واقع اسکول کی چھت گرنے سے پانچ بچے زخمی ہوگئے۔ زخمی بچوں کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔تیز ہواوں نے پرانا کراچی کے علاقے نیو چالی میں سالوں پرانے درختوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ سندھ ہائی کورٹ لان میں بھی قدیم درخت جڑ سے اکھڑ گیا اور پارکنگ میں کھڑی سرکاری گاڑی پر جا گرا۔حادثے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ، جب کہ 2 گاڑیوں کو معمولی نقصان پہنچا۔ درخت پر موجود بعض پرندے بھی جان سے گئے۔
No comments: