وفاقی وزیر علی محمد خان کہتے ہیں بلاول بھٹو زرداری نریندر مودی کے بیانیے کو مضبوط کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماؤں کو بلاول کی تربیت کرنی چاہیے۔
وفاقی وزیر علی محمد خان نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذاتی مفاد کے لیے ملک کے مفاد کو نقصان پہنچانا افسوس ناک ہے،بلاول کی بات نریندری مودی کی باتوں کو تقویت دیتی ہے، پی پی کی سینئر قیادت کو سمجھانا چاہئے کہ بلاول ایسی باتیں نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیان سخت مذمت کرتا ہوں، اپنے سیاسی مفاد میں ملکی مفاد کو داؤ پر لگانا غلط بات ہے،ایسی کوئی بات نہیں کرناچاہیے، کسی بھی جماعت کا رہنماء اس طرح کا بیان دے گا اس کی مذمت کریں گے، بلاول نے دنیا کے سامنے پاکستان کے بیانیے کی نفی کی ۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا بلاول اپنی والدہ کی شہادت کو بھول گئے، بلاول اپنی ماں کے خون سے ہی وفا کرلیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہندوستان کہتا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کو پالتا ہے، ہمارا مؤقف ہے بھارت دہشت گرد ہے جو کشمیر سمیت پورے ملک میں مسلمانوں کو مارتا ہے، پاکستان بھارتی طیارے گرا کر ان کے پائلٹس کو چائے پلاتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتیوں کی مجال نہیں کہ پاکستان میں داخل ہوسکیں، پاکستان نے 70 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے ، پاکستان کی جڑوں میں لاکھوں مسلمانوں کاخون ہے، پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا لہو ہے ۔
No comments: