
مادام تساؤ میوزیم نے اپنے ’’بالی ووڈ بریگیڈ ‘‘ میں تازہ اضافہ کیا ہے۔ یہ اضافہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے مومی مجسمے کا ہے جسے دیکھنے کیلئے وہ میوزیم پہنچیں تو خوشی سے نہال ہوگئیں۔
مادام تساؤ میوزیم کی جانب سے گزشتہ روز نیویارک میں اس مومی مجسمے کی رونمائی کی گئی تو پریانکا نے اپنے مجسمے کے ساتھ خوب تصاویر بنوائیں۔پریانکا چوپڑا جونس نے تصاویر اور ویڈیو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پرشیئر کرتے ہوئے غیر معمولی خوشی کااظہار کیا ، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پریانکا اپنامومی مجسمہ دیکھ کر خوشی سے نہال ہیں، اداکارہ کیلئے یقین کرنا مشکل ہے کہ مجسمہ اس حد تک ان سے مشابہت رکھتا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی 36 سالہ اداکارہ نے اس حوالے سے تفصیلات شیئر کی ہیں۔
پریانکا کے مطابق ان کے مجسمے کی تیاری 6 ماہ قبل شروع کی گئی تھی، مجسمہ بنانے والے آرٹسٹ نے ان کے نیویارکم اپارٹمنٹ میں پریانکا کی تصاویر اور ان کی جسامت کی پیمائش کی۔ اس حوالے سے مادام تساؤ انتظامیہ کی جانب سے ٹویٹ بھی کی گئی ہے۔
مجسمے کو پہنایا جانے والا لباس پریانکا نے 2016 کے ایمی ایوارڈز کی تقریب میں زیب تن کیا تھا جبکہ ایک اوردلچسپ بات مجسمے کی انگلی میں پہنائی جانے والی ڈائمنڈ رنگ ہے جو پریانکا کو ان کے شوہر امریکی گلوکار نک جونس نے منگنی کے موقع پر دی تھی۔
پریانکا نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ میرا مومی مجسمہ نیویارک کے مادام تساؤ میوزیم نیو یارک میں رکھ دیا گیا ہے جسے بہت جلد دوسری جگہوں پر بھی دیکھا جا سکے گا۔
پریانکا چوپڑا جونس سے قبل بھی متعدد بھارتی شخصیات مادام تساؤ میوزیم لندن کی زینت بن چکی ہیں جن میں کرینہ کپور، سلمان خان، شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، انوشکا شرما اور بہت سے دیگر شامل ہیں۔ مادام تساؤ کی دہلی برانچ میں بھی بہت سی شخصیات کے مومی مجسمے موجود ہیں۔
No comments: